فضل الرحمٰن کی گرفتاری کا دعویٰ، پولیس نے تردید کردی؛ ملک بھر میں جے یو آئی کارکن زیرِ حراست
Police deny claim of Fazlur Rehman's arrest; JUI workers under detention across the country

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی مبینہ گرفتاری کے خلاف جمعے کو خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا، جبکہ پولیس نے ان کی حراست کی تردید کردی۔

 دوسری جانب ملک بھر میں جے یو آئی کے درجنوں کارکنوں کی گرفتاریوں اور سیکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

جے یو آئی کے ملاکنڈ چیپٹر نے دعویٰ کیا کہ اس کے 38 کارکن گرفتار کیے گئے ہیں۔ شانگلہ میں پارٹی رہنماؤں کے مطابق ضلعی امیر سمیت متعدد مظاہرین کو شاہراہ قراقرم پر بشام کے مقام سے حراست میں لیا گیا۔

 پشاور میں ایم ون موٹروے بند کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں نامزد 16 رہنماؤں میں سے 12 زیرِ حراست بتائے گئے ہیں۔ چکدرہ پل سے بھی 32 کارکن گرفتار کیے گئے، جبکہ لوئر اور اپر چترال کے پارٹی امراء کو بھی پولیس نے حراست میں لیا۔

چشمہ چیک پوسٹ کے قریب سڑک بند کرنے پر 19 رہنماؤں اور 200 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ چارسدہ، باجوڑ، شانگلہ، لوئر دیر، ملاکنڈ اور چترال میں بھی احتجاج یا مظاہروں کی کوششیں رپورٹ ہوئیں۔

بلوچستان میں جے یو آئی کے صوبائی ترجمان دلاور خان کاکڑ نے کوئٹہ، چمن، قلات، سوراب، ڈیرہ بگٹی اور حب سمیت مختلف اضلاع میں ارکان اسمبلی، مقامی عہدیداروں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا دعویٰ کیا۔

 ان کے مطابق صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کو گھروں میں نظر بند کیا گیا۔ چمن میں ضلعی چیئرمین حاجی امان اللہ اچکزئی، ضلعی امیر مولانا عبدالمنان اور اطلاعات سیکریٹری عبدالوارث بھی گرفتار افراد میں شامل ہیں۔

کوئٹہ میں ضلعی امیر مولانا عبدالرحمٰن رفیق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جو جناح روڈ، قندھاری بازار، شارع اقبال اور میزان چوک سے ہوتی ہوئی منان چوک پر جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ مقررین نے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے پُرامن اور آئینی جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

سرگودھا میں جمعے کو مزید سات کارکن گرفتار ہوئے، جبکہ اس سے قبل دو درجن سے زائد مقامی رہنماؤں کو حراست میں لیا جاچکا تھا۔ پولیس نے شہر کے داخلی راستوں پر نگرانی بھی سخت کردی۔

لاہور میں کارکنوں کے نام پیغام میں فضل الرحمٰن نے احتجاج جاری رکھنے اور گرفتاریوں سے نہ گھبرانے کا اعلان کیا، جبکہ دعویٰ کیا کہ انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ 

تاہم لاہور پولیس کے سربراہ بلال صدیق کمیانہ نے ڈان کو بتایا کہ مولانا کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا بلکہ وہ ٹریفک میں پھنس گئے تھے اور بعد میں اپنی رہائش گاہ واپس چلے گئے۔ ان کے مطابق فضل الرحمٰن کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔

تضاد کاسٹ اور ہماری ویڈیو رپورٹس یوٹیوب پر دیکھیںسبسکرائب کریں