PSX makes strong comeback after break in US-Iran tensions, KSE-100 index hits record of over 5,356 points

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)دی نیوزکی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں عارضی کمی، جنگ بندی مذاکرات کی نئی امید اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ نے پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کر دیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں بھرپور تیزی دیکھنے میں آئی۔

کاروباری سیشن کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس 5,356.81 پوائنٹس یا 3.13 فیصد اضافے کے ساتھ 176,378.01 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا، جبکہ دن کی کم ترین سطح 175,153.16 پوائنٹس رہی، جو گزشتہ اختتامی سطح سے 4,131.96 پوائنٹس یا 2.42 فیصد زیادہ تھی۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں نے خریداری میں دلچسپی اس وقت بڑھائی جب عالمی سطح پر یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ امریکا نے ایران پر مسلسل 13 روزہ فضائی حملوں کے بعد ہفتے اور اتوار کو مزید کارروائیاں روک دی ہیں، جبکہ ایران نے بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر امریکی حملے معطل رہتے ہیں تو وہ بھی اپنی جوابی کارروائیاں روک دے گا۔

اسماعیل اقبال سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو احفظ مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مثبت رجحان کی بنیادی وجہ خطے میں کشیدگی کا کم ہونا اور جنگ بندی مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد تک کمی نے نہ صرف عالمی ایکویٹی مارکیٹوں بلکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی سہارا دیا۔

عالمی منڈی میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 4.3 فیصد کمی کے بعد 85.45 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ کروڈ 3.9 فیصد کمی کے ساتھ 92.97 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔ ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران برینٹ کی قیمت ایک موقع پر 7 فیصد سے زائد گر کر 90 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آ گئی۔

امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ مائیک والٹز نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سفارتی کوششوں کو موقع دینے کے لیے فوجی کارروائیوں میں وقفہ دیا ہے، جبکہ ایرانی حکام نے بھی آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کے حوالے سے عمان کے ساتھ جاری بات چیت میں پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ پاکستان بھی چین کی حوصلہ افزائی پر امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششوں کا جائزہ لے رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کی توقعات مزید مضبوط ہوئی ہیں۔