US Congressional delegation meets Field Marshal Asim Munir, appreciates Pakistan's regional role

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوزکی رپورٹ کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کے دو رکنی وفد نے جی ایچ کیو میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، تجارت اور اقتصادی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وفد میں ریاں کیتھ زنکے ریاست مونٹانا اور مائیکل جیمز ریاست واشنگٹن شامل تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کی شراکت داری، دوطرفہ تجارت اور معاشی روابط کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی معاشی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار معاشی ترقی، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ پر ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور معاشی اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے تاکہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور معاشی مضبوطی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، کاروباری روابط اور نجی شعبے کی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے۔

ملاقات کے اختتام پر امریکی وفد نے پاکستانی عسکری قیادت کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مبصرین کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات میں معاشی اور تزویراتی تعاون کے نئے امکانات کی عکاس سمجھی جا رہی ہے۔