Pakistan and the US agree to further strengthen cooperation against terrorism, vow to take joint action against TTP, ISIS and BLA

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز کی خبر کے مطابق پاکستان اور امریکا نے دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید وسعت دینے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان ، داعش خراسان ، القاعدہ، بلوچستان لبریشن آرمی اور ان سے منسلک گروہوں کے خلاف مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے دہشت گرد تنظیموں کے سہولت کار نیٹ ورکس کے خاتمے، سرحدی سیکیورٹی مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق واشنگٹن میں 4 اگست 2026 کو منعقد ہونے والے چوتھے پاک امریکا انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ میں امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی سفیر گریگوری لوگرفو اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے اسپیشل سیکریٹری سفیر نبیل منیر نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی شراکت داری کو مشترکہ مفادات کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے شہریوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

بیان کے مطابق وفود نے موجودہ دہشت گردی کے خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا، سرحدی نگرانی مزید مؤثر بنانے، انٹیلی جنس تعاون بڑھانے اور دہشت گردوں کی مالی، لاجسٹک اور سہولت کاری کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گرد تنظیمیں نہ صرف پاکستان اور امریکا بلکہ پورے خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے ان کے خلاف مربوط اور مسلسل کارروائی ناگزیر ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں حکومتوں نے داعش خراسان، القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان، بلوچستان لبریشن آرمی اور اس سے وابستہ گروہوں سمیت تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، جو دونوں ممالک کے شہریوں کی سلامتی اور علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔