اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ایک اہم کمانڈر سمیت 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق کارروائی ضلع پنجگور کے علاقوں سرکانی اور چیدگی میں آپریشن ردالفساد-3 کے تحت کی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران 5 دہشتگرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ ایک اہم کمانڈر وزیر بھی شامل تھا۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز، بھاری ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ریاستی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد پنجگور میں ڈکیتی، بھتہ خوری، اغوا اور مقامی تاجروں سمیت دیگر شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارروائی نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بناتے ہوئے علاقے میں ان کی سرگرمیوں کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کا خاتمہ بلوچستان سمیت ملک میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ ان کے مطابق حکومت اور عوام دہشتگرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
