Lahore has surpassed Delhi and Kolkata in air pollution, ranking first on the global list.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے، جہاں پیر کی شام امریکی ایئر کوالٹی انڈیکس 196 ریکارڈ کیا گیا۔

 اس کے بعد شہر عالمی آلودگی کی درجہ بندی میں نئی دہلی اور کولکتہ سے آگے نکل کر پہلے نمبر پر آگیا، جبکہ پنجاب کے متعدد دیگر شہروں میں بھی ہوا کا معیار خطرناک سطح تک پہنچ گیا۔

پنجاب محکمہ تحفظ ماحولیات کے ڈیش بورڈ کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ نو میں اے کیو آئی 481 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی خطرناک زمرے میں آتا ہے۔ شاہدرہ میں یہ شرح 330 جبکہ ملتان روڈ پر 326 رہی۔

 شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح میں نمایاں فرق بھی دیکھا گیا، جہاں برکی روڈ کا اے کیو آئی 193 اور ڈی ایچ اے فیز 6 کا 182 ریکارڈ کیا گیا۔

ڈیش بورڈ کے مطابق شاہدرہ اور ملتان روڈ کی فضا انتہائی مضر صحت رہی، جبکہ دیگر کئی مقامات پر بھی ہوا غیر صحت مند یا حساس افراد کے لیے نقصان دہ قرار دی گئی۔

ایئر آئی کی عالمی شہری درجہ بندی میں لاہور 196 اے کیو آئی کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں یہ شرح 185 اور کولکتہ میں 180 ریکارڈ کی گئی۔ قازقستان کے شہر الماتی میں اے کیو آئی 168 جبکہ منگولیا کے دارالحکومت اولان باتر میں 167 رہا۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی صورتحال سنگین رہی۔ ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، ننکانہ صاحب اور ساہیوال میں اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ خوشاب میں یہ شرح 466 رہی۔

 فیصل آباد اور وہاڑی میں 452، اوکاڑہ میں 443 اور ملتان میں 412 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی صبح لاہور اور دیگر کئی شہروں میں بعض مقامات پر دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی، جبکہ بدھ کو جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی اقدامات، موسم کی سازگار صورتحال، ہوا کی رفتار میں اضافے اور مسلسل نگرانی کے باعث متعدد مقامات پر فضائی آلودگی میں کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق دیوالی کی آتش بازی کے بعد بھارت سے آنے والی ہواؤں نے بھی لاہور کی آلودگی میں اضافہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سول سیکریٹریٹ میں اے کیو آئی 614 سے کم ہو کر 155، بیدیاں میں 746 سے 172، اپر مال میں 621 سے 177 اور پنجاب یونیورسٹی میں 768 سے 181 ہوگیا۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں بھی یہ شرح 1063 سے کم ہو کر 207 ریکارڈ کی گئی۔

مریم اورنگزیب کے مطابق ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی صنعتی یونٹس اور بھٹوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 صنعتی یونٹس سیل کیے گئے اور مجموعی طور پر 9 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

حکام نے 112 بھٹوں کا معائنہ کیا، تین کو مسمار اور چار کو سیل کیا گیا، جبکہ ایک مقدمہ درج کرکے 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ 8 کلوگرام غیر معیاری پلاسٹک ضبط کیا گیا۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ تجارتی کچن اور باربی کیو پوائنٹس پر دھوئیں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے سکشن ہڈز کی تنصیب یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ڈرون، رات کے وقت نگرانی کرنے والی ٹیمیں اور فیلڈ اہلکار آلودگی کے ذرائع کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ فصلوں کی باقیات، شہری کچرا اور پلاسٹک نہ جلائیں کیونکہ کسی بھی ذریعے سے اٹھنے والا دھواں فضائی آلودگی میں اضافہ کرتا ہے۔

 شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا استعمال کم کرنے اور بزرگوں، بچوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔