اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز کی خبر کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی، جس کے بعد نشیبی علاقوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو 1122 اور واسا کو متحرک کردیا گیا۔ تاہم بارش رکنے کے بعد پانی کی سطح میں تیزی سے کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح کم ہوکر 17 فٹ رہ گئی ہے، جو اس سے قبل 21 فٹ ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر بھی پانی 17 فٹ کی سطح پر ہے۔ پانی میں کمی کے باعث صورتحال میں بہتری آئی ہے، تاہم متعلقہ ادارے اب بھی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اس سے قبل بارش میں شدت آنے کے دوران کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی تھی، جبکہ گوالمنڈی پل کے قریب یہ سطح 16 فٹ تک پہنچ گئی۔ اس سے پہلے کٹاریاں میں 19 فٹ اور گوالمنڈی پر 15 فٹ پانی ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ریسکیو 1122 نے نالہ لئی کے اطراف مختلف علاقوں میں اعلانات کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی۔ شہریوں سے کہا گیا کہ وہ بچوں کو برساتی نالوں اور پانی کے تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رکھیں، جبکہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں سے بھی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں پیر کی رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ سیدپور میں 66 ملی میٹر، بوکرا میں 65 ملی میٹر اور پیرودھائی میں 63 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گولڑہ میں 52، شمس آباد میں 50 اور چکلالہ میں 47 ملی میٹر بارش ہوئی۔
واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر عزیز اللہ خان کے مطابق نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں واسا کی ٹیمیں تعینات ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ صادق آباد، ڈھوک کھبہ، پیرودھائی، آریہ محلہ اور بوہڑ بازار سمیت مختلف علاقوں میں بھاری مشینری بھی پہنچا دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جاسکے۔
واسا نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد میں بھی نکاسی آب کے لیے مشینری پہلے سے تعینات کر رکھی تھی۔ عزیز اللہ خان نے خود نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی کی۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں 21 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کی صورت میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
