Europe concerned over Trump’s statement regarding a major deal with Russia; key consultations held at G7 summit.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ جی 7 ممالک کے وزرائے خارجہ نے پیرس میں دو روزہ اجلاس شروع کر دیا ہے، جہاں یورپی رہنما امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو پر زور دیں گے کہ روس کے ساتھ کسی بھی ممکنہ امن معاہدے میں یوکرین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور ایران کے معاملے پر نئی فوجی کشیدگی سے گریز کیا جائے۔

برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کا یہ اجلاس یورپی ممالک کو اپنے امریکی ہم منصب کے سامنے تحفظات پیش کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔

 یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی ثالثی میں روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات منگل اور بدھ کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں طے ہیں۔

یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ کیف کو ایسے شرائط پر مبنی معاہدہ قبول کرنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے جو یوکرین کے لیے نقصان دہ ہوں۔ انہیں یہ تشویش بھی ہے کہ امریکا یورپی ممالک کو اعتماد میں لیے بغیر روس کو نئی سکیورٹی ضمانتیں پیش کر سکتا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے فُل نے اجلاس میں شرکت کے لیے روانگی کے موقع پر کہا کہ یورپ کے لیے یہ بات واضح ہے کہ اسے اپنے لیے کوئی نیا سکیورٹی ڈھانچہ تشکیل دینے کی ضرورت نہیں، تاہم کسی بھی فیصلے میں یورپ کی شمولیت ضروری ہے۔ ان کے مطابق یورپی ممالک کو مذاکرات کی میز پر جگہ ملنی چاہیے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے اتوار کو کہا تھا کہ ابوظبی میں ہونے والے مذاکرات میں یورپی ممالک کی نمائندگی ہوگی اور فرانس بھی ان میں شریک ہوگا۔ 

اجلاس کی میزبانی ابتدا میں جنوبی بندرگاہی شہر مارسیل میں طے تھی، تاہم آخری لمحات میں اسے پیرس منتقل کر دیا گیا۔ منتظمین نے تبدیلی کی وجہ صرف شیڈولنگ کے مسائل بتائی۔ افتتاحی کلمات کے دوران بارو نے مذاقاً ساتھی وزرا کو ’مارسیل میں خوش آمدید‘ کہا، پھر اپنی غلطی درست کی جس پر شرکا ہنس پڑے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے ساتھ ایک ’بہت بڑے معاہدے‘ کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں صرف یوکرین نہیں بلکہ پورا یورپ بھی شامل ہو سکتا ہے۔

 اس بیان نے یورپی دارالحکومتوں میں خدشات بڑھا دیے ہیں کہ واشنگٹن ماسکو کے ساتھ معاملات طے کرتے ہوئے یورپی مفادات کو نظرانداز کر سکتا ہے۔

پیرس روانگی سے قبل مارکو روبیو نے کہا کہ یورپ کا جنگ کے بعد کا سکیورٹی نظام ان اہم موضوعات میں شامل ہے جو مذاکرات کے دوران بار بار زیر بحث آتے رہے ہیں۔ تاہم، ان کے مطابق اس مرحلے تک پہنچنے کے لیے پہلے جنگ کا خاتمہ ضروری ہے۔

یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا منگل کو پیرس اجلاس میں یوکرین سے متعلق خصوصی نشست میں شرکت کریں گے۔

 انہوں نے ایکس پر کہا کہ ان کی توجہ کشیدگی میں کمی، امن کی جانب اقدامات، یوکرین کی فضائی حدود کے بہتر تحفظ، روس پر دباؤ بڑھانے اور بحیرہ اسود میں آزادانہ بحری آمدورفت یقینی بنانے پر ہوگی۔

یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی بتایا کہ انہوں نے ابوظبی مذاکرات سے قبل یورپی یونین کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین سے گفتگو کی ہے تاکہ مذاکرات کے لیے یورپی ممالک کا مشترکہ مؤقف مرتب کیا جا سکے۔