اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ پشاور اور بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مختلف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق کارروائیوں میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ پیر کی شب پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی تھی، جن کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ افراد تیراہ ویلی سے تعلق رکھنے والے کمانڈر تاج محمد عرف شینے کی قیادت میں علاقے میں موجود تھے۔
حکام کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنایا اور ٹیم جب جنے کریک پہنچی تو ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
جوابی کارروائی کے بعد تقریباً 25 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فائرنگ رکنے پر علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران پانچ لاشیں ملیں۔
حکام کے مطابق لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ تاج محمد اپنے تین ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ موقع سے اسلحہ، گولہ بارود اور دستی بم بھی برآمد ہوئے۔
اس سے قبل پیر کو پشاور سے تقریباً 23 کلومیٹر جنوب میں واقع گاؤں پاسانی میں ایک اور کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیموں نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ہمراہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی، تاہم فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
بعدازاں تین لاشیں ملیں، جن کی شناخت عبدالرشید، سعیداللہ اور سعید نواز کے نام سے ہوئی۔ حکام نے انہیں کالعدم ٹی ٹی پی کے ارکان قرار دیا۔
ہلاک ملزمان کے قبضے سے دو کلاشنکوفیں، ایک پستول، تین دستی بم، پانچ میگزین اور کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ برآمد ہوئے۔
ادھر بنوں کے علاقے غرڑہ شاہ جہاں، کنگر اور ملحقہ دیہات میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے زَرگل عرف انکل گروپ سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آپریشن ’سربلندی‘ کے دوران متعدد مشتبہ سہولت کار بھی گرفتار کیے گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک افراد میں کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر زَرگل عرف انکل کا بھتیجا بھی شامل تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان پولیس، سیکیورٹی اہلکاروں، مقامی امن کمیٹیوں کے سربراہان اور شہریوں پر حملوں، بھتہ خوری، لوٹ مار اور دیگر سنگین جرائم میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔
ریجنل پولیس افسر بنوں عبدالغفور خان آفریدی نے مشترکہ کارروائیوں میں اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کو سراہا۔ خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے بھی اہلکاروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور ریاستی عمل داری کے قیام کے لیے ایسے آپریشنز مزید تیز کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
