The solution to the political crisis lies in national consultation; Achakzai has presented an outline for reforms.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی حکومت کے قیام اور جامع آئینی و سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کردیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ قومی اہمیت کے فیصلے چند افراد کے بجائے منتخب نمائندوں اور تمام جمہوری سیاسی قوتوں کی مشاورت سے کیے جانے چاہئیں۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جاوید اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ کثیر الجماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوریت کی بحالی پر زور دیا۔

 انہوں نے کہا کہ لاہور اور یہاں کی بار ایسوسی ایشنز نے ماضی میں آئینی حکمرانی کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے ملک میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جاری بدامنی اور خونریزی اب آزاد جموں و کشمیر تک بھی پھیل چکی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں روزانہ ہونے والی ہلاکتیں تشویش ناک ہیں اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے اچکزئی نے کہا کہ عوام نے انہیں اکثریتی مینڈیٹ دیا تھا، تاہم بعد میں یہ مینڈیٹ ان سے چھین لیا گیا۔ انہوں نے عمران خان کی سیاسی صورت حال اور صحت پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور الزام لگایا کہ انہیں سیاسی طور پر تنہا کرنے اور ان کے عزم کو توڑنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

 ان کے مطابق وہ اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اچکزئی نے قومی حکومت کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ریاستی اداروں، سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو شامل کیا جانا چاہیے۔

 ان کے بقول نئی حکومت کو ماضی کی ناانصافیوں کا ازالہ، آئینی اصلاحات اور فوج کو سیاست سے آئینی اور باوقار انداز میں الگ ہونے کا راستہ فراہم کرنا چاہیے۔

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور میں مبینہ طور پر حراست میں رکھنے اور کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ دینے کی بھی مذمت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ ملک کو آئینی حکمرانی اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کی طرف واپس لانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی اور بنیادی حقوق خدائی عطا ہیں اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ عوام سے یہ حقوق چھینے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور علیمہ خان دہشت گرد ہیں؟ انہوں نے معطل خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے۔

علامہ عباس نے وفاقی حکومت کے صوبوں سے متعلق طرزعمل پر تنقید کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا وفاقی حکومت یکطرفہ طور پر یہ فیصلہ کرنا چاہتی ہے کہ وفاقی اکائیاں کس طرح وفاق کا حصہ رہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام غریب عوام کو کچھ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔

 کانفرنس سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر حامد خان اور دیگر وکلا رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔