US Senate Appoints Jay Clayton as Director of National Intelligence

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد امیدوار جے کلیٹن کو ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ سینیٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں ان کے حق میں 51 جبکہ مخالفت میں 47 ووٹ آئے، جبکہ تمام ڈیموکریٹ ارکان نے ان کی نامزدگی کی مخالفت کی۔

صدر ٹرمپ نے فیصلے کے بعد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جے کلیٹن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس منصب کے لیے بہترین انتخاب ہیں اور اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں گے۔

جے کلیٹن سابق انٹیلی جنس سربراہ تلسی گیبارڈ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وہ ایسے وقت میں امریکہ کے 18 انٹیلی جنس اداروں کی نگرانی کریں گے جب ادارہ انتظامی تبدیلیوں اور عملے میں کمی جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔

تقرری کے دوران ڈیموکریٹ رہنماؤں نے کلیٹن پر تنقید بھی کی۔ توثیقی سماعت میں جب ان سے 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ جو بائیڈن کو باضابطہ طور پر کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے نائب چیئرمین مارک وارنر نے خدشہ ظاہر کیا کہ کلیٹن سیاسی دباؤ کا مقابلہ کر پائیں گے یا نہیں۔

دوسری جانب ریپبلکن ارکان نے ان کے تجربے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور وفاقی پراسیکیوٹر کی حیثیت سے ان کی خدمات انہیں اس اہم عہدے کے لیے موزوں بناتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان کی تقرری امریکی انٹیلی جنس نظام میں استحکام لانے اور قومی سلامتی سے متعلق اہم معاملات پر پیش رفت میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔