Intelligence-based operations in Bannu, 24 terrorists killed; Security forces announce to continue operations

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں حالیہ دنوں میں بنوں میں پولیس پر بڑھتے ہوئے دہشت گرد حملوں اور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیے گئے خودکش حملے کے بعد شروع کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کی ان حالیہ کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملہ آوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف وسیع پیمانے پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا آغاز کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید جھڑپوں کے دوران بنوں اور گردونواح میں 24 خوارج مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے واضح کیا کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشنز بدستور جاری رہیں گے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بنوں میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے اور ایسے بزدلانہ حملوں میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور کلیئرنس کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔