Relief operations continue after devastating earthquakes in Venezuela, more than 86,000 families affected, death toll reaches 2,645, more than 12,000 injured

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون  کی خبر کے مطابق وینزویلا میں گزشتہ ماہ آنے والے طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار 645 ہو گئی ہے، جبکہ 12 ہزار 666 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور ہزاروں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

وینزویلا کی وزارتِ اطلاعات و مواصلات کے مطابق اب تک 6 ہزار 462 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے، جبکہ 86 ہزار 117 متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کی گئی ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ زلزلوں کے باعث مجموعی طور پر 885 عمارتیں متاثر ہوئیں، جن میں سے 189 عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو گئیں۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے 3 ہزار 300 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ وینزویلا کی حکومت نے تقریباً 30 ہزار اہلکار امدادی اور بحالی کے کاموں کے لیے تعینات کر رکھے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 24 جون کو وینزویلا میں صرف 39 سیکنڈ کے وقفے سے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلے آئے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق 7.5 شدت کا زلزلہ ریاست یاراکوئے کے شہر یومارے سے تقریباً 23 کلومیٹر جنوب مشرق میں ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 7.2 شدت کا دوسرا زلزلہ سان فیلپے کے شمال مشرق میں تقریباً 23.9 کلومیٹر فاصلے پر آیا۔

وزارتِ اطلاعات نے مزید بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 890 آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں خوف کی فضا برقرار ہے اور امدادی ادارے مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں، متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور بے گھر خاندانوں کی مدد کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہوا ہے۔