پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی قومی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

چارج سنبھالنے کے بعد اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہاکی کی بحالی اور فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ فی الحال تمام فیصلے شارٹ ٹرم بنیادوں پر کیے جائیں گے جبکہ اعتماد کی بحالی اور ٹیم مینجمنٹ کی ازسرِ نو تشکیل پر کام جاری ہے۔

محی الدین وانی نے واضح کیا کہ کوچنگ اور ٹریننگ کے نظام میں بہتری لائی جائے گی اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ کھلاڑی صرف ٹریننگ اور میچز پر توجہ دیں، انتظامی معاملات فیڈریشن خود سنبھالے گی اور تمام فیصلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔

ایڈہاک صدر کے مطابق ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں کم وقت باقی رہ گیا ہے، اس لیے فوری طور پر تربیتی کیمپ کا آغاز آج یا کل سے کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد مزید اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ سابق صدر طارق بگٹی نے کپتان عماد بٹ پر پابندی عائد کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جسے وزیر اعظم شہباز شریف نے منظور کر لیا تھا بعد ازاں حکومتی فیصلے کے تحت محی الدین وانی کو فیڈریشن کا ایڈہاک صدر مقرر کیا گیا۔