Twin cities submerged in rain, Laii drain reaches dangerous level, educational institutions closed

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی خبر کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں منگل کی صبح ہونے والی شدید بارش نے معمولات زندگی متاثر کردیے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ لئی نالہ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے بعد راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق لئی نالہ میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 29 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 23.5 فٹ تک پہنچ گئی۔ نالے کے کیچمنٹ ایریاز میں تقریباً 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہونے کے بعد کٹاریاں اور گوالمنڈی کے علاقوں میں انخلا شروع کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے صبح 8 بج کر 20 منٹ تک کے اعداد و شمار کے مطابق سیدپور میں 104 ملی میٹر، گولڑہ میں 157 ملی میٹر، بوکرا میں 72 ملی میٹر، ایچ ایٹ ٹو کے قریب محکمہ موسمیات کے مقام پر 155 ملی میٹر، کچہری میں 74 ملی میٹر، شمس آباد میں 201 ملی میٹر، پیر ودھائی میں 86 ملی میٹر جبکہ نیو کٹاریاں میں 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

شدید بارش کے باعث راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کے لیے عام تعطیل کا اعلان کردیا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موجودہ صورتحال میں احتیاط سے کام لیں۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں تقریباً 150 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ خاص طور پر ای الیون میں ڈرینج سسٹم اوور فلو ہونے کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

ان کے مطابق بارش کا پانی بعض ان بیسمنٹس میں بھی داخل ہوا جنہیں ضلعی انتظامیہ پہلے ہی سیل کرچکی تھی۔ متاثرہ علاقوں میں پانی نکالنے کا عمل جاری رہا جبکہ ڈی 12 میں دیوار گرنے کے واقعے کے بعد ریسکیو کارروائیاں بھی کی گئیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شدید بارش کے دوران شہریوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں، گاڑی کی رفتار کم کریں اور دوسری گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق پانی جمع ہونے کے باعث بعض شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے، جبکہ کم حد نگاہ کی صورت میں فوگ لائٹس استعمال کرنے اور اپنی مخصوص لین میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

جڑواں شہروں میں ایک روز قبل پیر کی سہ پہر بھی شدید بارش ہوئی تھی جس نے معمولات زندگی متاثر کیے اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے۔ بارش تقریباً دو گھنٹے وقفے وقفے سے جاری رہی۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں 5 ستمبر تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی تھی۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ اس دوران اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مَردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ موجود ہے۔