Jemima Goldsmith begins a new chapter in life; marries Irish-Australian businessman Cameron O'Reilly.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈیلی میل کی خبر کے مطابق برطانوی فلم پروڈیوسر اور عمران خان کی سابق اہلیہ جمیما گولڈ اسمتھ نے 52 برس کی عمر میں کیمرون رائیلی سے دوسری شادی کرلی۔ 62 سالہ کیمرون آئرش آسٹریلوی کاروباری شخصیت ہیں اور سر اینتھونی او رائیلی کے بیٹے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں کی شادی ہفتے کے اختتام پر ہوئی۔ جمیما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی شادی کی تصدیق کی، جبکہ ان کی اہلیہ جمیما جونز نے سوشل میڈیا پر اسے خوشی کا دن قرار دیا۔

جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون کچھ دستاویزی فلموں اور فلمی منصوبوں کے ایگزیکٹو پروڈیوسر تھے۔ دونوں تقریباً ایک سال سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے اور مئی میں ان کی منگنی کی خبر سامنے آئی تھی۔

کیمرون کے چار بچے ہیں، جبکہ جمیما کے عمران خان سے دو بیٹے ہیں۔ 

کیمرون آکسفورڈ سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے اپنے والد کے کاروباری ادارے میں تقریباً ایک دہائی کام کیا اور 2000 میں چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے الگ ہوگئے۔ 2003 میں انہوں نے بے یارڈ کیپیٹل نامی پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کیا، جس نے سوئس میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر خریدی۔ بعد ازاں یہ کمپنی 2011 میں توشیبا کو 2.3 ارب ڈالر میں فروخت کی گئی۔

جمیما کی شادی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کو انتقال کیے تقریباً ایک سال ہوچکا ہے۔ ان کے والد ارب پتی سر جیمز گولڈ اسمتھ کا انتقال 1997 میں ہوا تھا۔