اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے خطرات پر قابو پانے کے لیے دنیا کے ممالک سے ایک سال کے اندر جامع عالمی فریم ورک تیار کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے محفوظ استعمال اور مؤثر نگرانی کے بغیر انسانیت کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
بارباڈوس میں مصنوعی ذہانت کی حفاظت سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایسا عالمی نظام تشکیل دینا چاہیے جو تمام ممالک کی شمولیت اور متفقہ اصولوں پر مبنی ہو۔
انہوں نے زور دیا کہ اس فریم ورک کے تحت اے آئی کے خطرات کا جائزہ لینے کے لیے آزاد اور قابلِ اعتماد نگرانی بھی یقینی بنائی جائے۔
گوتریس کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ممالک مشترکہ حفاظتی اقدامات، ٹیکنالوجی کی جانچ کے طریقہ کار اور آزاد نگرانی کے بنیادی تقاضوں پر اتفاق کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، خصوصاً ایسے مستقبل کو روکنا ضروری ہے جہاں خودکار قاتل روبوٹس حقیقت بن جائیں۔
عالمی سطح پر اے آئی کو ضابطوں کے تحت لانے کی کوششیں اس لیے بھی مشکل دکھائی دیتی ہیں کہ امریکا اور چین اس ٹیکنالوجی کی تحقیق اور ترقی میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دونوں طاقتوں کے درمیان مسابقت کے باعث مشترکہ عالمی قواعد پر اتفاق ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔
ستمبر میں اینتھروپک کے سربراہ ڈاریو اموڈی، اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے مصنوعی ذہانت کی ترقی کی رفتار سست کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
دوسری جانب نیوڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ اور میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے حامی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ستمبر میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد ان کمپنیوں نے اے آئی کی حفاظت سے متعلق رضاکارانہ ضابطۂ اخلاق کی پابندی پر اتفاق کیا تھا۔
گوتریس نے کہا کہ عالمی اداروں کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔
ان کے مطابق اقوام متحدہ، عالمی مالیاتی ڈھانچے اور عالمی تجارتی نظام سمیت کئی ادارے اب بھی 1945 کی دنیا کے تناظر میں قائم کیے گئے نظام کے مطابق کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے عالمی حقائق کے مطابق ادارہ جاتی اصلاحات ضروری ہیں۔ اپنی مدتِ سربراہی کے اختتام سے قبل گوتریس نے کہا کہ وہ اپنے جانشین کو مشورہ دیں گے کہ انسانیت کا اپنی دنیا پر کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے مصنوعی ذہانت کی مؤثر نگرانی ناگزیر ہے۔
