اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ یوکرین نے لیبیا کے ساحل کے قریب روسی بحری جہازوں پر ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں روس کا جدید جنگی جہاز ڈوب گیا، جبکہ اس پر موجود ایک ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوگیا۔
یہ حملے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو محاذِ جنگ سے دور بحیرہ روم تک پھیلانے کی اہم پیش رفت قرار دیے جارہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوکرین نے اتوار کو مشرقی لیبیا کی بندرگاہ بن غازی کے قریب دو روسی جہازوں کو نشانہ بنایا۔
صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کو بتایا کہ اس کارروائی میں یوکرین کے تیار کردہ سات بحری ڈرون استعمال کیے گئے۔ انہوں نے اسے روسی جنگ کے جواب میں ایک مثالی یوکرینی آپریشن قرار دیا۔
زیلنسکی کے مطابق ڈوبنے والے جنگی جہاز کا نام مرکوری تھا، جسے 2023 میں روسی بحری بیڑے میں شامل کیا گیا تھا اور اسے روس کے جدید ترین جنگی جہازوں میں شمار کیا جاتا تھا۔
یوکرین کی سکیورٹی سروس ایس بی یو کا کہنا تھا کہ یہ جہاز روسی بحیرہ اسود کے بیڑے کا حصہ تھا اور روسی بحری قافلوں کی حفاظت کے لیے استعمال ہوتا تھا۔
یوکرینی صدر نے دعویٰ کیا کہ جہاز پر موجود کے اے 27 ملٹی پرپز ہیلی کاپٹر بھی حملے میں ڈوب گیا۔
دوسرا نشانہ خشک سامان لے جانے والا بحری جہاز ایم وی انگارا تھا، جس کے بارے میں زیلنسکی نے کہا کہ روس اسے اسلحہ منتقل کرنے کے لیے استعمال کرتا تھا۔
انہوں نے حملوں کی مبینہ ویڈیو بھی جاری کی، تاہم اے ایف پی اس فوٹیج کی آزادانہ تصدیق نہیں کرسکا۔
مشرقی لیبیا کے حکام نے تصدیق کی کہ بن غازی کی بندرگاہ پر موجود ایک روسی جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس سے دھماکا ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ان کے مطابق جہاز ایندھن اور رسد حاصل کرنے کے بعد روس واپس جارہا تھا اور اسے ممکنہ طور پر ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
لیبیا کے حکام نے یہ بھی بتایا کہ مالٹا کے پرچم تلے سفر کرنے والے ایک دوسرے تجارتی جہاز کو ساحل سے دور دھماکا خیز مواد سے لیس بحری ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
مشرقی لیبیا کی انتظامیہ نے روس کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کا اعلان کیا، جبکہ طرابلس میں قائم اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ حکومت نے خبردار کیا کہ شہری بندرگاہوں اور تنصیبات کو بیرونی تنازعات میں ملوث نہیں کیا جانا چاہیے۔
یوکرین کے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
