Attempt to lower political temperature after Bilawal's statements, Zardari and Shehbaz Sharif agree to resolve issues through consultation

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون  نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے دوران تمام زیرالتوا معاملات مذاکرات اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

 دونوں رہنماؤں کی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکومت پر تنقیدی بیانات کے بعد سیاسی اختلافات نمایاں ہوگئے ہیں۔

جمعرات کو ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خطے میں جاری پیش رفت، بالخصوص مشرق وسطیٰ کے بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر کے دفتر کے میڈیا ونگ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

میڈیا ونگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔

 بیان کے مطابق سابقہ آئینی ترامیم بھی تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے متعارف کرائی گئی تھیں، جبکہ آئندہ معاملات پر بھی اجتماعی طور پر گفتگو کرکے حل تلاش کیے جائیں گے۔

ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے، جنہیں بلاول بھٹو زرداری نے نئی صوبائی اکائیوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ محسن نقوی موجودہ انتظامی ڈھانچے کو ناکام قرار دیتے ہوئے اس میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں۔

یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوسری حالیہ ملاقات تھی۔ اس سے قبل 14 نومبر کو لاہور میں صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی تھی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے درمیان تعاون بڑھانے، مشاورت کا سلسلہ برقرار رکھنے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بھی اس تجویز میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان طویل عرصے سے سندھ میں نئی صوبائی اکائیوں کے قیام کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ جمعرات کو بھی جماعت نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اضافی انتظامی یونٹس کے لیے اس کا عزم حتمی ہے۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی نے 4 ستمبر کو صوبے کی تقسیم یا نئی انتظامی اکائیاں بنانے کی کوششوں کے خلاف قرارداد منظور کی تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی واضح کیا تھا کہ صوبے کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔