اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملک میں مبینہ طور پر 240 ارب روپے کے آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔
کارروائی کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار اور ایک ارب روپے مالیت کے اثاثے منجمد کیے گئے، جبکہ الگ کارروائی میں خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی معلومات ڈارک ویب پر فروخت کرنے کے الزام میں ایک پاکستانی ہیکر کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بیٹنگ ایپلی کیشنز کے خلاف تین ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے دوران 38 مشتبہ بینک اکاؤنٹس اور 38 کمپنیوں کی نشاندہی ہوئی، جن کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق تحقیقات میں ایکس 777، میل بیٹ اور ون ایکس بیٹ سمیت مختلف آن لائن بیٹنگ ایپس کی سرگرمیاں سامنے آئیں۔
ان پلیٹ فارمز سے منسلک مشتبہ مالی لین دین کا حجم 240 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا، جبکہ اسٹیٹ بینک کی ابتدائی رپورٹ میں 6 ارب 15 کروڑ روپے کی رقم کی نشاندہی کی گئی تھی۔
شہزاد اکبر نے بتایا کہ اس نیٹ ورک کی مجموعی مالی سرگرمیاں ایک ہزار ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ کارروائی کے دوران ایک ارب روپے مالیت کے اثاثے منجمد کیے گئے، 73 لاکھ روپے نقد رقم برآمد ہوئی اور نیٹ ورک سے منسلک دو بینک اکاؤنٹس بلاک کردیے گئے۔
ان کے مطابق مبینہ طور پر بیٹنگ ایپس ابتدا میں صارفین کو منافع کا لالچ دے کر اپنی جانب راغب کرتی تھیں، جس کے بعد ان کی رقوم کو اسی نیٹ ورک کے اندر گردش میں رکھا جاتا تھا۔ تحقیقات میں سامنے آنے والے اکاؤنٹس اور کمپنیوں کے کردار کا تعین کرنے کے لیے مزید جانچ جاری ہے۔
ایک الگ کارروائی میں این سی سی آئی اے نے کراچی کے علاقے منظور کالونی کے قریب ایک پاکستانی ہیکر کو گرفتار کیا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے دنیا بھر میں خفیہ اداروں کے اہلکاروں سے متعلق حساس معلومات چوری کرکے ڈارک ویب کے ذریعے فروخت کیں۔
شہزاد اکبر کے مطابق ملزم ٹیلی گرام پر گوتھم کے نام سے اکاؤنٹ چلاتا تھا اور مبینہ طور پر خفیہ اہلکاروں کی اصل شناخت، کوڈ نام اور حساس معلومات کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کے طور پر بھی کام کرتا تھا اور اسے انٹرنیٹ پروٹوکول (آئی پی) ایڈریسز کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔
پریس کانفرنس میں ایجنسی کی دیگر کارروائیوں کا بھی ذکر کیا گیا، جن میں یونیورسٹی طلبہ کو منشیات فراہم کرنے والے افراد اور جعلی کال سینٹرز سے منسلک سافٹ ویئر فراہم کرنے والے کے خلاف اقدامات شامل ہیں۔
