New progress in Pakistan-EU relations; Shehbaz Sharif holds key meeting with European leadership.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان وسیع البنیاد شراکت داری مزید مضبوط بنانے اور پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

ملاقات میں اعلیٰ سطح پر بڑھتے ہوئے روابط اور دونوں جانب سے ہونے والے مسلسل سفارتی رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ قیادت کی سطح پر باقاعدہ رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید سمت اور رفتار فراہم کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان کی اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور یورپی یونین کے ساتھ تجارت کے لیے جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس فریم ورک کے تحت مسلسل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کے مطابق اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان تعلقات کی وسعت اور جمہوریت، قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان استحکام اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کا بھی ذکر کیا۔

یورپی کمیشن کی صدر نے امریکا اور ایران کے تنازع میں ثالثی کی پاکستانی کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ملاقات میں تجارت کے فروغ اور غیر قانونی ہجرت سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی بات ہوئی۔ شہباز شریف نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت دہرائی اور یورپی قیادت کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔