Suicide attack on Kabal Police Station, 15 martyred; Major martyred in Waziristan, 7 terrorists killed in Nushki

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں کبل پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم 15 افراد شہید ہوگئے، جن میں چھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شمالی وزیرستان میں کارروائی کی قیادت کرنے والے پاک فوج کے میجر حافظ احسان الٰہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔

پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کبل پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم گیٹ پر تعینات اہلکاروں نے اسے روک لیا، جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ مالاکنڈ کے ڈی آئی جی سید فدا حسین نے بتایا کہ دھماکے کے وقت علاقے میں مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔ سوات کے ڈی پی او محمد عمر کے مطابق دھماکہ کبل چوک کے قریب ہوا اور جائے وقوعہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ خودکش حملہ آور کا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔

ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی، جو ضلع میانوالی کے رہائشی تھے، اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے ضلع نوشکی میں 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب ہونے والے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا اور وہاں موجود اسلحہ، بارودی مواد اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات بھی قبضے میں لے کر تلف کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور ملک میں بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔