World AI Conference Pakistan's big step, Ishaq Dar participates in the establishment of the World Artificial Intelligence Organization

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ایکسپریس ٹریبیون  کی رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر چین کے شہر شنگھائی روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس میں شرکت کے ساتھ ساتھ پاکستان کو ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کا بانی رکن بنانے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اس نئے عالمی ادارے میں بانی ممبر کی حیثیت سے شامل ہوگا، جبکہ اسحاق ڈار باضابطہ طور پر رکنیت کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم کانفرنس کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں اور اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون، ترقی پذیر ممالک کے لیے صلاحیت سازی اور منصفانہ و جامع عالمی اے آئی گورننس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ دیگر ممالک کے نمائندوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور مصنوعی ذہانت سے متعلق عالمی تعاون پر گفتگو ہوگی۔ پاکستان اس موقع پر عالمی جنوب سمیت ترقی پذیر ممالک کے مؤقف کو اجاگر کرے گا اور ایسی اے آئی پالیسیوں کی حمایت کرے گا جن سے ٹیکنالوجی کے فوائد تمام ممالک تک مساوی انداز میں پہنچ سکیں۔

یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف کے رواں برس مئی میں چین کے دورے کے تسلسل میں سامنے آئی ہے، جب انہوں نے چین کی جانب سے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مصنوعی ذہانت کو انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا تھا۔ اس موقع پر پاکستان نے چین کے ساتھ مل کر عالمی اے آئی گورننس اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب چین میں ہونے والی چار روزہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس میں چینی صدر شی جن پنگ کی شرکت متوقع ہے، جہاں وہ مصنوعی ذہانت کے عالمی نظم و نسق سے متعلق چین کا وژن پیش کریں گے۔ کانفرنس کے دوران چین کی معروف کمپنی ہواوے اپنے جدید ایٹلس 950 سپر پوڈ اے آئ کمپیوٹنگ سسٹم کی پہلی عوامی نمائش کرے گی، جبکہ ڈیپ سیک، بیرین اور میٹا ایکس سمیت متعدد چینی کمپنیوں کی نئی اے آئی ٹیکنالوجیز بھی متعارف کرائی جائیں گی۔

کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف، تھائی لینڈ کے وزیراعظم سمیت مختلف عالمی رہنما شریک ہوں گے، جبکہ ٹورنگ ایوارڈ اور نوبیل انعام یافتہ سائنس دان بھی اس عالمی فورم میں شرکت کریں