اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عمل کو سفارت کاری اور مکالمے کے ذریعے آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے پہلے تکنیکی مذاکرات کے نتائج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات کے ابتدائی مرحلے میں مثبت پیش رفت حوصلہ افزا ہے اور اس رفتار کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دوحہ نے خطے میں امن کے فروغ اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے امیر قطر کا پاکستانی کمیونٹی کے لیے تعاون اور حالیہ راس لفان آتشزدگی کے واقعے میں پاکستانی شہری کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہی واحد مؤثر راستہ ہیں اور ایران۔امریکا مذاکراتی عمل کو ہر ممکن سفارتی حمایت فراہم کی جانی چاہیے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جنہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی پیش رفت میں پاکستان کے کردار کو سراہا
