اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بدھ کے روز چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور ایران و امریکا مذاکرات سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنے چینی ہم منصب کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات کے پہلے مرحلے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے قائم کیے گئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ جوہری امور، پابندیوں، نگرانی اور تنازعات کے حل کے لیے تین الگ الگ ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں، جن کا مقصد 60 دن کے اندر ایک جامع معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستانی قیادت کو مذاکراتی عمل میں کامیاب ثالثی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان کی مسلسل سفارتی رابطہ کاری، فعال ثالثی اور امن کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے بھی چین کی حمایت، خصوصاً چینی صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن منصوبے اور پاکستان چین مشترکہ پانچ نکاتی امن اقدام پر بیجنگ کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارت کاری اور مذاکراتی عمل کو جاری رکھنا ضروری ہے اور پاکستان و چین اس مقصد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
