Ukrainian drone attacks in a Russian industrial city leave six people injured; Moscow claims to have destroyed 533 drones.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے  کہ یوکرین نے روس کے وسطی شہر نیزنیکامسک میں ایک بڑے پیٹروکیمیکل پلانٹ اور آئل ریفائنری پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، جبکہ روسی اور ماسکو نواز حکام نے مختلف علاقوں میں یوکرینی حملوں کے نتیجے میں تین افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔

یوکرین کی فوج نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ اس کی دفاعی افواج نے 15 نومبر کی شب تاتارستان کے شہر نیزنیکامسک میں دو صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

 بیان کے مطابق یہ دونوں ادارے روس کی جنگی مشینری کو خام مال اور ایندھن فراہم کرنے میں کردار ادا کر رہے تھے۔

یوکرینی فوج کے مطابق حملوں کا ایک ہدف نیزنیکامسک نیفتے خیم تھا، جو روسی کمپنی سیبور کی ملکیت ایک بڑا پیٹروکیمیکل کمپلیکس ہے۔ اس کے قریب واقع ایک آئل ریفائنری کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

شہر کے میئر رادمیر بیلیایف نے تصدیق کی کہ علاقے کو دشمن کے ڈرونز کے ایک بڑے اور طویل حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس سے صنعتی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔

 ان کے مطابق حملوں میں چھ افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک رہائشی عمارت بھی متاثر ہوئی۔ حکام نے واقعے کے بعد علاقے میں فضائی معیار کی نگرانی شروع کر دی ہے۔

تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار آبادی رکھنے والے شہر نیزنیکامسک کو تاتارستان کا پیٹروکیمیکل دارالحکومت بھی کہا جاتا ہے۔

 سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض ویڈیوز میں صنعتی علاقے کے اوپر آگ کے شعلے اور دھوئیں کے گہرے بادل دکھائی دیے، تاہم خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ان ویڈیوز کی آزادانہ تصدیق نہیں کی۔

یوکرین کے دیگر حملوں میں سرحد کے قریب واقع صنعتی بندرگاہی شہر تاگانروگ میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ علاقائی گورنر یوری سلیوسار کے مطابق حملے میں جانی نقصان ہوا، جبکہ ماسکو کے زیر انتظام مقبوضہ لوہانسک کے علاقے میں ایک ٹرک ڈرائیور اور ایک معمر خاتون بھی ہلاک ہوئیں۔

روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ ہفتے کی رات سے اتوار کی صبح کے دوران روس کے 12 علاقوں اور الحاق شدہ کریمیا میں 533 یوکرینی ڈرون مار گرائے گئے۔

 یوکرینی افواج نے مغربی روس کے علاقوں برائنسک، آستراخان اور اوریول میں ایک فوجی پیداواری مرکز اور طیاروں و ڈرونز کے دو لانچ مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔

تقریباً پانچ سال سے جاری جنگ کے بعد یوکرین نے روس کے اندر اور مقبوضہ علاقوں میں سرحد پار حملے تیز کر دیے ہیں، جن میں بالخصوص تیل، توانائی اور صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے کہا کہ اس کی افواج نے یوکرین میں فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ٹرانسپورٹ اور پیداواری ڈھانچے، جن میں ریلوے انجن بھی شامل ہیں، کو نشانہ بنایا۔

 یوکرین نے اپنے مختلف علاقوں میں روسی حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی، جبکہ توانائی کمپنیوں کے مطابق زاپوریژیا، دنیپروپیٹروفسک اور اوڈیسا میں بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش ہوئی۔