Tunnel under construction in India sinks in water and debris, 7 workers killed, 3 missing

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈان نیوزکی رپورٹ کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں زیر تعمیر سرنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پانی اور ملبہ داخل ہونے سے کم از کم 7 مزدور ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے، جبکہ 3 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

حادثہ جمعرات کی رات اتراکھنڈ میں پیش آیا، جہاں ایک سرکاری ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے سرنگ کی تعمیر جاری تھی۔ حکام کے مطابق شدید بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور پانی و ملبہ سرنگ کے اندر داخل ہوگیا، جس کے باعث وہاں موجود مزدور پھنس گئے۔

ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران 19 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم تین مزدوروں کی تلاش جاری ہے۔

حکام کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں امدادی کارکنوں کو سر پر لائٹس لگائے اور عارضی کشتیوں کے ذریعے سرنگ کے زیر آب حصے تک پہنچنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔

اتراکھنڈ میں گزشتہ کئی روز سے شدید مون سون بارشیں جاری ہیں، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ ہمالیائی خطے میں بڑے پیمانے پر جاری ترقیاتی منصوبے قدرتی طور پر حساس علاقوں میں تباہی کے خطرات میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ بھارت میں بڑے تعمیراتی منصوبوں پر حادثات پہلے بھی تشویش کا سبب بنتے رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ ریاست سکم میں ایک دوسرے سرکاری ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کی زیر تعمیر سرنگ میں حادثے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اتراکھنڈ کا تازہ حادثہ ایک بار پھر ہمالیائی خطے میں بڑے تعمیراتی منصوبوں، شدید مون سون بارشوں اور ماحولیاتی خطرات کے حوالے سے سوالات کو نمایاں کرتا ہے۔