اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے امریکا اور سعودی عرب کے مجوزہ سویلین جوہری تعاون کے معاہدے میں معائنے سے متعلق شرائط کو انتہائی تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کی ہے، حالانکہ اس میں جوہری نگرانی کا سخت ترین اضافی پروٹوکول شامل نہیں ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ویانا میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے سہ ماہی اجلاس کے دوران بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رافیل گروسی نے کہا کہ مخصوص معاہدے کے لیے طے کیے گئے انتظامات ایک انتہائی تسلی بخش نتیجہ ہیں۔
سفارت کاروں کے مطابق بورڈ نے بعد ازاں جوہری حفاظتی اقدامات سے متعلق اس متن کی منظوری بھی دے دی۔
امریکا اور سعودی عرب کے درمیان مجوزہ سویلین جوہری تعاون کو ’123 معاہدہ‘ کہا جاتا ہے، جسے ابھی امریکی قانون سازوں کی منظوری درکار ہے۔
عدم پھیلاؤ کے ماہرین نے اس معاہدے پر تنقید کی ہے کیونکہ اس میں سعودی عرب کو یورینیم افزودہ کرنے یا استعمال شدہ جوہری ایندھن کو دوبارہ پراسیس کرنے سے روکنے کی واضح پابندی شامل نہیں۔
یہ دونوں سرگرمیاں جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے ممکنہ راستے بن سکتی ہیں۔
سعودی عرب کا جوہری پروگرام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور ریاض نے حال ہی میں آئی اے ای اے کے ساتھ جامع حفاظتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت جوہری ٹیکنالوجی رکھنے والے ممالک پر بنیادی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، جن میں اعلان کردہ جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینا بھی شامل ہے۔
تاہم سعودی عرب نے اضافی پروٹوکول پر دستخط نہیں کیے، جس کے تحت آئی اے ای اے کو مزید وسیع اختیارات حاصل ہوتے ہیں اور وہ غیر اعلانیہ مقامات پر بھی اچانک معائنہ کر سکتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق سعودی عرب اور امریکا کے درمیان حفاظتی اقدامات سے متعلق جو متن منظوری کے لیے آئی اے ای اے کو بھیجا گیا، اس میں اچانک معائنے کی اجازت تو دی گئی ہے، لیکن یہ اختیار صرف اعلان کردہ مقامات تک محدود ہوگا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پہلے کہہ چکے ہیں کہ اگر علاقائی حریف ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کیے تو سعودی عرب بھی ایسا ہی کرے گا۔
ایران نے 2015 میں عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کے تحت اضافی پروٹوکول نافذ کرنے پر اتفاق کیا تھا، تاہم 2018 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معاہدے سے دستبردار ہونے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں ایران نے 2021 میں اس پر عمل درآمد روک دیا تھا۔
رافیل گروسی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار بھی ہیں، جس کے لیے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان، بشمول امریکا، کی حمایت یا مخالفت نہ کرنا اہم ہوگا۔
