Preparations for Hasina Wajed’s return; violent incidents in 28 districts; security tightened.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی ممکنہ وطن واپسی کے اعلان کے بعد سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر حکومت نے بدھ کو ملک بھر میں سکیورٹی سخت کرتے ہوئے سینکڑوں نیم فوجی اہلکار تعینات کر دیے۔

 گزشتہ کئی روز سے مختلف علاقوں میں جھڑپوں، بم دھماکوں اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کیے جانے کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔

شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت مخالف پرتشدد احتجاج کے بعد ڈھاکا سے فرار ہو کر پڑوسی ملک بھارت میں مقیم ہیں۔

 انہوں نے حال ہی میں نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے لیے درخواست دیتے ہوئے دسمبر میں وطن واپس آنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔

 اس کے بعد ان کی جماعت عوامی لیگ کے کارکنوں اور حامیوں نے واپسی کے حق میں احتجاج شروع کر دیا۔

گزشتہ ہفتے عوامی لیگ نے حسینہ کی واپسی کے لیے حمایت منظم کرنے کی غرض سے ایک ہفتے پر مشتمل احتجاجی پروگرام اور ریلیوں کا اعلان کیا تھا، جس کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی صورت میں ہونا تھا۔ 

مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران کم از کم 28 اضلاع میں درجنوں دیسی ساختہ بم دھماکے اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات پیش آئے، جن میں پولیس اہلکار اور شہری زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق منگل کی رات حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج کے قریب احتجاج کے دوران نامعلوم افراد نے حکمراں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی  کے ایک کارکن کو مبینہ طور پر قتل کر دیا۔ اسی رات ڈھاکا میں وزیر ثقافتی امور نتائی رائے چوہدری کی رہائش گاہ کے باہر دیسی ساختہ بم دھماکا ہوا، جبکہ گوپال گنج میں بی این پی کے ایک رکن پارلیمنٹ کے گھر اور پارٹی حامیوں کی دکانوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔

بدھ کی صبح جنوبی ضلع پیروج پور میں دو بسوں کو آگ لگائے جانے کے بعد ایک بس کمپنی کا ہیلپر جھلس کر ہلاک ہو گیا۔

 پولیس ترجمان کاماروم منیرا کے مطابق مختلف واقعات میں کم از کم سات پولیس اہلکار زخمی اور آٹھ گاڑیاں متاثر ہوئیں۔

یہ واقعات ایسے دنوں میں پیش آئے جب شیخ حسینہ کو 2024 کی طلبہ تحریک کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے الزام میں مقامی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائے جانے کا ایک سال مکمل ہوا۔

 گوپال گنج کے حملوں میں ملوث افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، تاہم حکومت نے تشدد کا الزام عوامی لیگ پر عائد کیا ہے۔

دوسری جانب گرامین بینک نے بتایا کہ 10 نومبر سے اب تک اس کی کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر کو آتشزدگی یا آگ لگانے کی کوششوں کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ منگل کی نصف شب کے بعد مزید 14 مقامات پر حملے ہوئے۔

 یہ بینک نوبیل انعام یافتہ محمد یونس نے قائم کیا تھا، جنہوں نے حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی قیادت کی تھی۔

ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان نیاز مہدی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں عوامی لیگ اور اس سے منسلک تنظیموں سمیت کالعدم گروپوں کے کم از کم 71 ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔