لاہور:پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ہوم ون ڈے ٹرائی سیریز کا فائنل جیت لیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کا 326 رنز کا ہدف 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 127 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ سعد بیگ نے 74 اور عرفات منہاس نے 31 گیندوں پر 61 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے کمیندو مینڈس کے 131 اور پون رتھنائیکے کے 77 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

فخر زمان کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔