اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے پر اہم بات چیت کی گئی۔

پی سی بی کے مطابق ایرانی وفد نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی۔

دورے کے دوران مہمان وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کا دورہ کیا اور وہاں موجود عالمی معیار کی تربیتی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی جانب سے ایرانی جونیئر اور سینئر کرکٹ ٹیموں کو کوچنگ کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

دونوں فریقین نے مستقبل میں کرکٹ کے باہمی فروغ اور کھیل کی ترقی کے لیے مزید راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔