انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تجربہ کار بیٹر آصف خان پر 15 ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، 36 سالہ کرکٹر کا ڈوپ ٹیسٹ 8 ستمبر 2025 کو لیا گیا تھا، جس کی رپورٹ میں ممنوعہ مواد کی موجودگی ظاہر ہوئی۔
آصف خان نے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے آرٹیکل 2.1 کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا قبول کر لی ہے۔
پابندی کا یہ دورانیہ 8 ستمبر 2025 سے شمار ہوگا جو کہ 7 دسمبر 2026 تک نافذ العمل رہے گا۔
اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت 8 ستمبر سے 29 دسمبر 2025 کے درمیان حاصل کیے گئے ان کے تمام انفرادی نتائج، تمغے، پوائنٹس اور انعامی رقم بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ آصف خان نے 2022 میں یو اے ای کی طرف سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ اب تک 38 ون ڈے اور 56 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
