زمبابوے کی سابق فاسٹ بولر اور انٹرنیشنل کرکٹ امپائر سارہ ڈمبانیوانا 36 برس کی عمر میں ہرارے میں انتقال کر گئیں۔

زمبابوے کرکٹ کے مطابق وہ مارچ میں طبی عمل سے گزرنے کے بعد اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

سارہ ڈمبانیوانا نے 63 سینئر بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی، جن میں ویمن ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل مقابلے شامل ہیں۔

وہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور ویمن ون ڈے ورلڈ کپ 2025 میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکی تھیں۔

وہ کسی بھی ورلڈ کپ فائنل میں امپائرنگ کرنے والی زمبابوے کی پہلی خاتون بھی تھیں۔

انہوں نے 2009 سے 2014 تک زمبابوے کی نمائندگی بطور کھلاڑی کی، جبکہ 2022 میں آئی سی سی کے امپائرز ڈیولپمنٹ پینل میں شامل ہوئیں۔