Saudi capital and oil facilities targeted by Houthis; significant developments also reported in Bab al-Mandab.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے  کہ یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اتوار کو سعودی دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ایک مالیاتی مرکز پر دو بیلسٹک میزائل داغے، تاہم سعودی حکام کی جانب سے اس دعوے کی فوری تصدیق نہیں کی گئی۔

دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے بتایا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب بھیجے گئے دو حوثی ڈرون تباہ کر دیے۔

 اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق مدینہ منورہ کی سمت آنے والے ایک ڈرون کو بھی روک کر تباہ کیا گیا۔

حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے ٹیلی گرام پر بیان میں سعودی اتحاد کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں کا مکہ یا مدینہ کو نشانہ بنانا جھوٹ اور من گھڑت بات ہے۔

 ان کے مطابق حوثیوں کی کارروائیوں کا ہدف صرف سعودی تیل تنصیبات اور فوجی اڈے ہیں۔

ادھر یمن کے شمالی صوبے الجوف میں حوثیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران سرکاری فورسز کے ایک سینئر فوجی کمانڈر سمیت متعدد اہلکار ہلاک ہو گئے۔

 جنوبی مسلح افواج نے بتایا کہ انہوں نے مغربی صوبے تعز میں ذوقر ایئرپورٹ اور باب المندب کے علاقے سے اپنی فورسز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد عبوری دارالحکومت عدن اور پڑوسی صوبوں کی سیکیورٹی مضبوط بنانا ہے۔

یمنی فوج نے اتوار کو مرکزی شہر مارب کی جانب آنے والے حوثی ڈرونز کو روکنے کا دعویٰ بھی کیا۔ مارب میں ملک کے اندر بے گھر ہونے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد مقیم ہے۔

حوثی حملوں کے نتیجے میں تعز میں گولہ باری اور اسنائپر فائرنگ سے دو بچوں اور دو خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوئے۔

 سرکاری خبر رساں ادارے سبا کے مطابق الزہرا علاقے میں ایک گھر کے قریب گولہ گرنے سے دو بہن بھائی اور ان کی والدہ زخمی ہوئے۔

 جنوبی تعز کے علاقے العقروض میں 35 سالہ خاتون اسنائپر فائرنگ کا نشانہ بنی، جبکہ شہر کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں دو مرد بھی زخمی ہوئے۔

الجوف کے ضلع خب و الشعف میں حوثیوں کی بچھائی گئی بارودی سرنگ شہری گاڑی کے نیچے پھٹنے سے دو بچوں اور ایک خاتون کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

 حوثی ٹی وی المسیرہ نے صنعا میں فضائی حملوں کی خبر دیتے ہوئے سعودی عرب پر الزام عائد کیا، جبکہ حوثی ترجمان نے الجوف میں سعودی ساختہ سی ایچ 4 مسلح ڈرون مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا۔

 ان دعوؤں پر سعودی حکام یا یمنی حکومت کا فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

سعودی اتحاد نے مزید کہا کہ اتوار کو ریاض کی جانب آنے والے دو بیلسٹک میزائل اور تیل سے مالا مال مشرقی صوبے کی سمت بھیجے گئے تین ڈرون تباہ کیے گئے۔

 گزشتہ ہفتے حوثی حملے میں ریاض کے مالیاتی مرکز میں سعودی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی انتظامی عمارت کو نقصان پہنچا تھا۔

 اکتوبر میں بھی مشرقی صوبے میں آرامکو کے ہیڈکوارٹرز پر حملے میں بھاری نقصان کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

دوسری جانب یمنی حکومت کی حامی فورسز نے باب المندب کے قریب دھبّاب ایئرپورٹ اور ساحلی علاقے سے انخلا کا اعلان کیا ہے۔ اس پیش رفت سے حوثیوں کو اہم بحری گزرگاہ کے قریب زیادہ اثرورسوخ حاصل ہونے کا خدشہ ہے۔ باب المندب ایشیا اور یورپ کے درمیان بحری تجارت کے لیے اہم راستہ ہے، جہاں سے بڑی مقدار میں سامان مصر کی نہر سوئز کے ذریعے منتقل ہوتا ہے۔