اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں مزید بحری بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں، جبکہ تہران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس اہم آبی گزرگاہ کا نام ٹرمپ اسٹریٹ رکھنے کی تجویز کا بھی طنزیہ انداز میں جواب دیا ہے۔
ایران کے کاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے ایکس پر کہا کہ گزشتہ رات کی کارروائی کے دوران آبنائے ہرمز کے جنوب میں موجود غیر قانونی راستوں پر مزید بحری بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں۔
ایرانی ترجمان نے امریکی سینٹرل کمانڈ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اس کے جواب میں شاید صرف فوٹوشاپ کے ذریعے آبنائے کا نام تبدیل کرسکتا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ امریکا چاہے تو فوٹوشاپ کے ذریعے تیل بردار جہازوں کو بھی آبنائے سے گزار سکتا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان بحری سرنگوں کے معاملے پر پہلے ہی شدید اختلافات جاری ہیں۔ سینٹکام اس سے قبل آبنائے ہرمز کے ٹرانزٹ راستوں سے تمام بحری سرنگیں صاف کیے جانے کا اعلان کرچکی ہے اور تیل بردار جہازوں کے سرنگوں سے ٹکرانے کی اطلاعات کو گمراہ کن قرار دیا تھا۔
ٹرمپ بھی دعویٰ کرچکے ہیں کہ تمام سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں اور نئی سرنگیں بچھانے کی صورت میں زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کی وارننگ دے چکے ہیں۔
تہران نے بحری سرنگوں کی تعداد اور مقامات کے بارے میں دانستہ ابہام برقرار رکھا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ان کی درست جگہوں کا علم صرف ایرانی افواج کو ہے، جبکہ تازہ کارروائی میں کتنی سرنگیں بچھائی گئیں، اس کی تعداد سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ نجی طور پر ایران کے ساتھ جنگ ختم قرار دینے پر غور کررہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صدر کا خیال ہے کہ شدید معاشی دباؤ کے ذریعے تہران کو اپنا جوہری پروگرام ختم کرنے یا نظام کے خاتمے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔
امریکا نے گزشتہ ہفتے آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ شروع کیا، جس میں ایران کے تیل، شپنگ، ہوا بازی، سونے، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کے باوجود پینٹاگون نے مشرق وسطیٰ میں فوجی تعیناتی بڑھا دی ہے۔ خطے میں تقریباً 50 ہزار امریکی فوجی اور 19 جنگی بحری جہاز موجود ہیں، جن میں 2 طیارہ بردار بحری جہاز اور 13 گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ تعیناتی جنگ کے اگلے سال تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کرتی ہے۔
