ایران کے میزائل یورپ تک پہنچ سکتے ہیں، ٹرمپ نے جوہری تباہی کا خدشہ ظاہر کردیا
Iran's missiles can reach Europe; Trump expresses fear of a nuclear catastrophe.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جو یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہ ہونے کی صورت میں جوہری تباہی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

 دوسری جانب ایران نے دو تیل بردار جہاز امریکی فوج سے واپس لینے اور امریکی لڑاکا طیارے کو پسپا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ٹرمپ نے جمعرات کو فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارالاگو سے امریکی فوجی اہلکاروں کے ساتھ تھینکس گیونگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے میزائل امریکا تک نہیں پہنچ سکتے، تاہم ان کی رسائی یورپ تک ممکن ہے۔

 ان کے مطابق خطے میں استحکام نہ ہونے کی صورت میں ایران اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیار استعمال کرسکتا ہے، جس سے جوہری تباہی جنم لے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو مشرق وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں بلکہ خطے میں امن درکار ہے۔ ایرانی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایرانی رہنماؤں کو جان چکے ہیں اور ان کے خیال میں وہ غیر معمولی رویہ رکھتے ہیں، اسی لیے واشنگٹن ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

 ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو خطے کے ممالک کی اس وقت تک حمایت جاری رکھنی چاہیے جب تک وہ اپنے دفاع کے قابل نہیں ہوجاتے۔

ایران کے جوہری پروگرام پر اختلافات 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ پاکستان نے قطر کی معاونت سے جون میں ابتدائی معاہدہ کرایا تھا، تاہم دونوں جانب سے خلاف ورزیوں کے الزامات کے بعد جنگ بندی ختم ہوگئی۔

 ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق پاکستان اور قطر اب بھی تہران اور واشنگٹن کے درمیان تجاویز کا تبادلہ کررہے ہیں۔

 ایران نے جنگ کے تمام محاذوں پر خاتمے اور امریکی بحری ناکہ بندی اٹھانے کو آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری آمدورفت بحال کرنے سے مشروط کیا ہے۔

ایرانی بحریہ کے سربراہ شہرام ایرانی نے دعویٰ کیا کہ مسلح افواج نے امریکا کے قبضے سے دو ایرانی آئل ٹینکر واپس حاصل کرلیے ہیں۔

 پاسداران انقلاب نے یہ بھی کہا کہ ہنگام جزیرے کے قریب ایرانی فضائی دفاعی نظام کی وارننگ فائرنگ کے بعد امریکی ایف 16 طیارہ پیچھے ہٹ گیا۔

ادھر کویت نے ڈرون حملے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ایرانی سفیر محمد توتونجی کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا۔

 ایران نے حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے تمام فریقوں سے تحمل کی اپیل کرتے ہوئے حملے کی مذمت اور کویت سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

تضاد کاسٹ اور ہماری ویڈیو رپورٹس یوٹیوب پر دیکھیںسبسکرائب کریں