اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) عرب نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع نے فضائیہ کے کلاؤڈ ون کمپیوٹر پلیٹ فارم پر سائبر حملے کی اطلاعات کے بعد اپنے نظام کو محفوظ قرار دیا ہے، تاہم پینٹاگون نے مبینہ ہیکنگ کی واضح تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حملے سے حساس فوجی معلومات افشا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار نے جمعے کی رات کہا کہ محکمہ جنگ کے نظام محفوظ ہیں اور دنیا کے بہترین ماہرین اور ٹیمیں چوبیس گھنٹے ان کی نگرانی کرتی ہیں۔
ان کے مطابق تمام اہم فوجی آپریشنز اور ایپلی کیشنز جاری رکھنے کے لیے ضروری انتظامات موجود ہیں۔
اس سے قبل محکمہ دفاع کے ایک اور اہلکار نے کہا تھا کہ نیٹ ورکس کی صورت حال پر آپریشنل سیکیورٹی اور پالیسی کے تحت تبصرہ نہیں کیا جاتا۔
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز نے ایک نامعلوم امریکی اہلکار کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ فضائیہ کے کلاؤڈ ون پلیٹ فارم میں نقب لگائی گئی ہے اور اس حملے سے حساس فوجی معلومات سامنے آنے کا امکان ہے۔
اس سے پہلے خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی مبینہ سائبر حملے کی اطلاع دی تھی۔
وفاقی اداروں کی سرگرمیوں کی کوریج کرنے والے فیڈرل نیوز نیٹ ورک نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک باخبر ذریعے کا حوالہ دیا۔
اس رپورٹ کے مطابق سسٹم کی دیکھ بھال کرنے والے کنٹریکٹرز نے رواں سال کے اوائل میں مرمت اور مینٹی نینس کے دوران ہیکنگ کا پتا چلایا تھا۔
یہ واقعہ امریکی سرکاری اور نجی اداروں کے ڈیجیٹل نظام میں حالیہ ہفتوں کے دوران سامنے آنے والے مسائل کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔ اس سے قبل سی آئی اے اور ایف بی آئی کے مبینہ سائبر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
جے پی مورگن چیس، ویزا اور ماسٹرکارڈ جیسے بڑے مالیاتی اداروں کے سپلائرز بھی متاثر ہوئے۔
دوسری جانب مائیکروسافٹ آؤٹ لک کی بڑی بندش، امریکی فضائی ٹریفک کنٹرول کے ایک مسئلے اور نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے ایک خفیہ نیٹ ورک میں خرابی کے بارے میں حکام نے سائبر حملے کے بجائے تکنیکی نقص یا دیکھ بھال کو وجہ قرار دیا تھا۔
سائبر حملوں کے واقعات امریکا تک محدود نہیں رہے۔ یورپی کمیشن نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اسے اکتوبر میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے کیے گئے سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ خبر رساں ادارے اے ایف پی بھی جمعرات کو سائبر حملے کے باعث اپنے صارفین سے متعلق ایک اہم نظام عارضی طور پر بند کرنے پر مجبور ہوا۔
