اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی فوجی کمانڈر کے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے کہ ایران نے امریکی قبضے سے دو تیل بردار جہاز واپس حاصل کرلیے اور امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔
امریکی کمانڈ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ڈھائی ملین ڈالر ٹول وصول کرنے کی اطلاعات کو بھی غلط قرار دیا ہے۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق سینٹکام نے جمعے کو امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے پاس اب بحریہ موجود نہیں اور ایرانی فوجی کمانڈر کی جانب سے بیان کردہ واقعات من گھڑت ہیں۔
امریکی کمانڈ نے ایرانی پاسداران انقلاب بحریہ کے اس دعوے کو بھی مسترد کیا کہ اس نے دو ایرانی ٹینکر واپس حاصل کیے، جن پر امریکی فوجی اہلکار سو رہے تھے۔
سینٹکام نے ایرانی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کو آپریشن ایپک فیوری کے پہلے روز نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔
کمانڈ کے مطابق طیارہ بردار جہاز کا جنگی گروپ مکمل طور پر محفوظ رہا اور اس نے ایک تاریخی طور پر کامیاب جنگی تعیناتی مکمل کرنے کے بعد گزشتہ ماہ بحفاظت امریکا واپسی کی۔
امریکی فوج نے اس دعوے کو بھی مسترد کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے 25 لاکھ ڈالر وصول کیے جارہے ہیں۔ سینٹکام کے مطابق امریکی افواج اور علاقائی شراکت دار اس اہم آبی گزرگاہ پر کنٹرول رکھتے ہیں، تاہم جہازوں سے کوئی ٹول نہیں لیا جارہا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہزاروں جہاز اور اربوں بیرل خام تیل امریکی تحفظ کے تحت آبنائے سے آزادانہ اور محفوظ طریقے سے گزر چکے ہیں۔
امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف جنگ شروع کی تھی، جس کے جواب میں تہران نے خطے میں میزائل اور ڈرون حملے کیے اور آبنائے ہرمز کو عملاً بند کردیا۔ یہ گزرگاہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے۔
جون میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، جس کا مقصد حتمی امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا تھا۔
تاہم آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سمیت مختلف معاملات پر اختلافات کے باعث یہ مفاہمت بھی ناکام ہوگئی۔
تضاد کاسٹ اور ہماری ویڈیو رپورٹس یوٹیوب پر دیکھیںسبسکرائب کریں