Houthi attacks on Saudi Arabia condemned; Pakistan and Turkey announce plans to step up defense cooperation.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ایک دوسرے کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

 تینوں ممالک نے دفاعی تعاون اور مشترکہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق یہ عزم جمعے کو اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی  کے دوسرے اجلاس میں ظاہر کیا گیا۔

 مشترکہ اعلامیے میں سعودی عرب کے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کو مسلسل اور گھناؤنا قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ تینوں ممالک اجتماعی دفاعی معاہدے کی شقوں کے مطابق مملکت کی سلامتی کے تحفظ میں تعاون کریں گے۔

پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔

 سعودی وفد کی قیادت وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کی، جبکہ وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی بھی شریک ہوئے۔

 ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو نے شرکت کی۔

اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورت حال، اجتماعی دفاع اور تینوں ممالک کی خودمختاری کے احترام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے 31 اگست کو استنبول میں ہونے والے پہلے اجلاس اور 5 اکتوبر کو ریاض میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب میں اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے سلسلے میں پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا گیا۔

 تینوں ممالک نے دفاعی صنعت، مشترکہ ٹیکنالوجی کی تیاری، فوجی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں کسی نئے فوجی دستے کی تعیناتی یا مشترکہ آپریشنل کمانڈ کے قیام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ توجہ اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے اور اجتماعی دفاعی وعدوں پر عملی پیش رفت پر مرکوز رہی۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست کو مکہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملے کو تینوں کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔

 اسلام آباد کا حالیہ اجلاس اس معاہدے کو مؤثر ادارہ جاتی اور دفاعی تعاون میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اور قدم قرار دیا گیا۔