اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوزکی خبر کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں کارروائیاں ایک روز قبل خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروپ فتنہ الخوارج سے بتایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں اس وقت کی گئی جب دہشت گردوں کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی۔
فوج کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے حملے کی کوشش بروقت ناکام بنا دی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایک اور کارروائی ضلع دیر میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
بیان کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔ کارروائیوں کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقوں میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، جبکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت حاصل کرنے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر نے اعظم ورسک میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا اور کہا کہ دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کارروائیوں میں کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے جبکہ حکومت اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
