پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
انہوں نے یہ کارنامہ زمبابوے کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انجام دیا۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں فاطمہ ثنا نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 62 رنز اسکور کیے، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے اس سے قبل تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کی بیٹر صوفی ڈیوائن کے پاس تھا، جنہوں نے 18 گیندوں پر ففٹی اسکور کی تھی۔
پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جس میں سائرہ جبین نے ناقابل شکست 50 اور عائشہ ظفر نے 45 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے مابھیرو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف 225 رنز کے تعاقب میں زمبابوے ویمن ٹیم 18 اوورز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے میچ 133 رنز سے جیت کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔
