Jemima strongly reacts to sons not being allowed to meet their father, appeals to British government to intervene

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر  کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی سابق اہلیہ جمیما گولڈ اسمتھ نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم کے بنیادی انسانی حقوق کے معاملے پر پاکستان سے مداخلت کرے اور ان کیلئے طبی سہولیات، خاندان سے ملاقات اور دیگر قانونی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے آواز اٹھائے۔

ایکس پر اپنے بیان میں جمیما نے کہا کہ پاکستان کو اپنے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے عمران خان کی طبی سہولیات بحال، انہیں خاندان سے ملاقات کی اجازت اور طویل تنہائی کا خاتمہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم اور سابق وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے براہ راست سوال کیا کہ برطانیہ مزید کب تک خاموش رہے گا۔

جمیما کے مطابق عمران خان تین سال سے قید ہیں، طویل عرصے سے تنہائی میں رکھے گئے ہیں اور ان کے خاندان کو تقریباً 10 ماہ سے ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے نیلسن منڈیلا رولز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 15 مسلسل دن سے زیادہ تنہائی میں رکھنا ممنوع ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو جامع طبی معائنے، ذاتی ڈاکٹر تک رسائی، خاندان سے باقاعدہ ملاقات اور اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ فون پر بات کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم ان کے بقول ان احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

یہ معاملہ اس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم کے باوجود عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال کے بجائے پمز لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد انہیں ’میڈیکلی فٹ‘ قرار دیا اور وہ دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیئے گئے۔ پی ٹی آئی نے 22 اگست کو سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ عدالت کے حکم کی چار اہم ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا، جن میں شفا اسپتال منتقلی، میڈیکل بورڈ کی تشکیل، بورڈ سے معائنہ اور ڈاکٹر فیصل سلطان کی شمولیت شامل تھی۔

عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم نے بھی اپنے والد سے ملاقات نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دونوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے آخری مرتبہ نومبر 2022 میں والد سے ملاقات کی تھی جبکہ رواں سال جنوری میں ویزوں کیلئے درخواست دی، جس کا جواب نہیں ملا۔ حکومت نے ان دعوؤں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے پاس نائیکوپ موجود ہیں۔