اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق بلوچستان کے ضلع شیرانی میں ژوب ہائی وے پر پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 مسافر زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوئٹہ سے پشاور جانے والی نیو میختر مسافر کوچ دانہ سر کے پہاڑی علاقے میں بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔
میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے 40 لاشیں نکالی گئیں جبکہ آٹھ زخمیوں کو فوری طور پر ژوب ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں چھ ایمبولینسیں، 12 ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز اور 10 لائٹ ٹرانسپورٹ گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔
ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق کوچ میں مجموعی طور پر 48 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ژوب منتقل کیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں پہلے قریبی رورل ہیلتھ سینٹر اور بعد ازاں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کی گئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی شیرانی کی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور بلوچستان ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم مشترکہ ٹیموں نے کئی گھنٹوں تک آپریشن جاری رکھا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اگر جاں بحق افراد میں خیبرپختونخوا کے رہائشی شامل ہوئے تو ان کی میتیں ریسکیو 1122 کی ایمبولینسوں کے ذریعے مکمل احترام کے ساتھ آبائی علاقوں تک پہنچائی جائیں گی۔
حادثے کے بعد شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تاکہ زخمیوں کو فوری طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت، تیز رفتاری، فنی خرابی یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔
