High alert issued for 7 districts in Upper Khyber Pakhtunkhwa, risk of glacial lake eruption

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب آنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 31 اگست کی رات سے 4 ستمبر تک گرم موسم کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور حساس علاقوں میں گلیشیل لیک آوٗٹبرسٹ فلڈ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اتھارٹی نے بتایا کہ موجودہ گرم موسمی صورتحال اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارش گلیشیئرز کے پگھلاؤ کو تیز کرسکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں گلیشیئر جھیلوں میں پانی کی سطح اور حجم بڑھنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اگر ایسی جھیلیں اچانک پھٹتی ہیں تو انتہائی تیز رفتار پانی پہاڑی علاقوں میں سیلاب کی صورت اختیار کرسکتا ہے، جس سے نشیبی آبادیوں اور دیگر حساس مقامات کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

الرٹ میں اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو خصوصی طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ گلاف کے خطرے سے دوچار مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کسی بھی خطرناک صورتحال کی صورت میں مقامی آبادی کو بروقت خبردار کیا جائے۔

پی ڈی ایم اے نے حساس علاقوں میں انخلا کی مشقیں کرانے اور ممکنہ متاثرین کیلئے محفوظ مقامات تیار رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو ممکنہ خطرے سے فوری طور پر آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو اور دیگر ہنگامی خدمات کو بھی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے عوام کو دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

سیاحوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے اجتناب کریں، خصوصاً ایسے مقامات پر جہاں اچانک پانی کا بہاؤ بڑھنے کا خدشہ ہو۔

اتھارٹی نے خبردار کیا کہ تیز رفتار پانی گاڑیوں کو بھی بہا سکتا ہے۔ شہریوں کو ندی نالوں کے پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں پر خصوصی توجہ دینے کا کہا گیا ہے کیونکہ یہ ممکنہ سیلاب کی ابتدائی علامات ہوسکتی ہیں۔

حساس علاقوں کے مکینوں کو مویشی اور ضروری سامان بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق اس کا ایمرجنسی آپریشنز سینٹر 24 گھنٹے صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔

اتھارٹی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو اپنی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا ہے۔