پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان حسن خان کو متحدہ عرب امارات اور نمیبیا کے خلاف جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی سہ فریقی سیریز کے لیے امریکی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

وہ انجری کا شکار علی خان کی جگہ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

2018 انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے حسن خان پہلی بار امریکی ٹیم کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ  میں نظر آئیں گے۔

کراچی میں پیدا ہونے والے حسن خان نے 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ پی ایس ایل سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

امریکا منتقل ہونے کے بعد انہوں نے میجر لیگ کرکٹ میں سان فرانسسکو یونیکورنز کی نمائندگی کرتے ہوئے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی۔

گزشتہ تین ایم ایل سی سیزن میں حسن خان نے 32 میچز میں 609 رنز بنانے کے ساتھ 24 وکٹیں حاصل کیں۔

حسن خان نے 2026 میں حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے پی ایس ایل میں واپسی بھی کی، جہاں انہوں نے 8 اننگز میں 139 رنز اور 6 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔