پاکستانی کرکٹرامام الحق اور محمد رضوان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون کا تکنیکی اور فرانزک تجزیہ جاری ہے، جبکہ تحقیقات کا بنیادی محور مالی معاملات اور مشتبہ ٹرانزیکشنز ہیں۔
انگلینڈ سیریز سے قبل اور بعد کے مالی لین دین کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مشتبہ ادائگیوں کے ذرائع اور مقاصد کا تعین کیا جا سکے۔
موبائل فون سے حاصل ہونے والے پیغامات، رابطوں اور دیگر ڈیجیٹل ڈیٹا کو مالی تحقیقات کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔
تحقیقات کے دائرہ کار میں انگلینڈ سیریز کے دوران مبینہ ڈریسنگ روم لیکس کا معاملہ بھی شامل ہے۔
گزشتہ روز دونوں کھلاڑی این سی سی آئی اے لاہور کے سامنے پیش ہوئے اور جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت کی درخواست کی۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے تاحال کسی بھی کھلاڑی پر باضابطہ طور پر الزام عائد کرنے کی تصدیق نہیں کی ہے، اور تمام پہلوؤں کا قانونی و تکنیکی تقاضوں کے مطابق جائزہ لیا جا رہا ہے۔
