Heavy losses to the national exchequer at Pakistani embassies; alleged embezzlement of hundreds of thousands of dollars and euros uncovered.

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ  پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے وزارتِ خارجہ میں سرکاری فنڈز کے انتظام اور حساب کتاب کے کمزور نظام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نئے سیکریٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کو مالیاتی طریقہ کار سخت بنانے اور واضح قواعد مرتب کرکے کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کمیٹی نے بدھ کو وزارتِ خارجہ کے مالی سال 2024-25 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں تعینات عملے کی جانب سے سرکاری رقوم میں مبینہ خوردبرد اور بدانتظامی کے واقعات سامنے آئے ہیں، لیکن ان معاملات میں مؤثر جواب دہی کا نظام موجود نہیں۔

اجلاس میں ویانا، آسٹریا میں پاکستانی سفارت خانے کے ایک سابق اکاؤنٹنٹ محمد سلیمان قریشی کا معاملہ خاص طور پر زیر بحث آیا۔ آڈٹ حکام کے مطابق انہوں نے دو سال کے دوران مبینہ طور پر 4 لاکھ 42 ہزار 256 یورو اور ایک لاکھ 34 ہزار 292 ڈالر غیر قانونی طور پر نکلوائے۔

 آڈیٹر جنرل پاکستان کے دفتر کے حکام کو شبہ ہے کہ رقم کی منتقلی میں سابق اکاؤنٹنٹ کے علاوہ سفارت خانے کے بعض سینئر افسران بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔ مبینہ طور پر رقم ان کے اور ان کی اہلیہ کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی۔

پی اے سی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان ظاہر کیا، کیونکہ چھ سال قبل مقدمہ درج ہونے کے باوجود رقم واپس نہیں لائی جا سکی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ قریشی پاکستان میں موجود ہیں اور ضمانت پر ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو طلب کرنے کی ہدایت کی تاکہ ادارے سے پیش رفت کی وضاحت لی جا سکے۔

بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے ایک اور اکاؤنٹنٹ پر 2018 سے 2023 کے دوران 56 ہزار 499 بلغاریائی لیو اور 74 ہزار 415 ڈالر غیر قانونی طور پر نکالنے کا الزام سامنے آیا۔ آڈٹ حکام کے مطابق یہ رقم بھی تاحال واپس نہیں ہوئی۔ ملازمت سے برطرف کیے جانے کے بعد مذکورہ اکاؤنٹنٹ نے عدالتوں سے رجوع کیا، جہاں سے انہیں دوبارہ ملازمت پر بحال کر دیا گیا۔

رقوم کی واپسی میں ناکامی پر نوید قمر نے ہدایت کی کہ مالیاتی فراڈ کی تحقیقات کرنے والے افسران کو کفایت شعاری کے تحت عائد سفری پابندیوں سے استثنیٰ دیا جائے۔

اجلاس میں امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے وظائف کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے 45 لاکھ ڈالر کے غیر استعمال شدہ فنڈز کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ کمیٹی نے سوال کیا کہ یہ رقم مستحق طلبہ میں کیوں تقسیم نہیں کی گئی۔

 سیکریٹری خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی مشن کو ایچ ای سی کی جانب سے واضح ہدایات نہیں ملی تھیں، تاہم نوید قمر نے اس معاملے پر کمیشن کو جواب دہ قرار دیا۔

ایک اور معاملے میں ایچ ای سی کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 60 ہزار یورو کا غیر مجاز قرض لینے کا انکشاف ہوا۔ عاصم افتخار احمد کے مطابق وزارت یہ رقم واپس کرنے کے عمل میں ہے۔

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھی ایک غیر مجاز سسپنس اکاؤنٹ میں 11 لاکھ 43 ہزار ڈالر بلاجواز رکھے جانے پر آڈٹ حکام نے اعتراض اٹھایا۔ ان کے مطابق فنانس ڈویژن کی منظوری کے بغیر اتنی بڑی رقم روکنا قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

 یہ رقم چانسلری عمارت کے کرائے سے متعلق ملکیتی تنازع کے باعث رکھی گئی تھی، جس کا معاملہ تاحال حل نہیں ہوا۔ پی اے سی نے یہ معاملہ محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی کو بھجوا دیا۔