Celebrations of Baba Guru Nanak's 487th death anniversary begin, Sikh pilgrims from all over the world arrive in Kartarpur

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نارووال میں سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کی 487ویں برسی کے سلسلے میں تین روزہ مذہبی تقریبات کا آغاز گردوارہ دربار صاحب کرتارپور میں ہوگیا ہے، جن میں دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری شرکت کررہے ہیں۔

ڈان کے مطابق پاکستان سمیت مختلف ممالک سے سکھ یاتری کرتارپور پہنچ رہے ہیں، جبکہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سے بھی بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے تقریبات میں شریک ہیں۔

یاتری گردوارہ دربار صاحب میں بابا گورونانک کی سمادھی اور قبر پر حاضری دے رہے ہیں، چادریں چڑھا رہے ہیں اور عقیدت و احترام کے ساتھ اپنے مذہبی رسومات ادا کررہے ہیں۔

برسی کی تقریبات کے لیے گردوارہ دربار صاحب میں یاتریوں کے قیام اور کھانے پینے کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور دیگر معاون یونٹس بھی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔

یاتریوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ گردوارہ دربار صاحب اور کرتارپور شہر کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے، جبکہ غیر متعلقہ اور غیر مجاز افراد کے گردوارے میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

تقریبات کے دوران مذہبی روایات کے مطابق نگر کیرتن کا جلوس بھی نکالا جائے گا۔ یاتری گردوارہ دربار صاحب سے پاکستان اور بھارت کی سرحد کی جانب جائیں گے جہاں مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔

انتظامیہ نے یاتریوں کی سہولت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف محکموں کے درمیان رابطہ قائم رکھا ہوا ہے۔ تین روزہ تقریبات کے دوران گردوارہ دربار صاحب میں مذہبی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

کرتارپور میں ہونے والی یہ تقریبات سکھ برادری کے لیے مذہبی اعتبار سے خاص اہمیت رکھتی ہیں اور ہر سال دنیا کے مختلف حصوں سے سکھ یاتری بابا گورونانک سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے یہاں پہنچتے ہیں۔