پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے بابر اعظم کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے، جبکہ 16 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کر دیا گیا۔

اسکواڈ میں شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں، جبکہ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔

قومی ٹیم اپنے دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے کرے گا پاکستان 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم اپ میچ کھیلے گا، جبکہ پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں منعقد ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ وہ اور اسد شفیق گزشتہ 18 ماہ سے سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہیں، جبکہ مصباح الحق اور سرفراز احمد کو کمیٹی میں شامل ہوئے چھ ماہ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹس کی ضروریات مختلف ہوتی ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کے انتخاب میں ہر فارمیٹ میں ان کی کارکردگی کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔