اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہےکہ اسرائیل میں سابق فوجی سربراہ اور یاشار پارٹی کے رہنما گادی آئزن کوٹ کے سیاسی دھڑے نے نگراں وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی متنازع پالیسیوں اور قانون سازی کو واپس لینے کے لیے پارلیمانی کوششیں تیز کر دی ہیں، جبکہ مخالف اتحاد کے حمایت یافتہ نئے اسپیکر متان کہانا نے بدھ کو پارلیمانی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے منگل کی رات ہونے والی ووٹنگ میں 120 میں سے 66 ارکان نے متان کہانا کے حق میں ووٹ دیا۔
54 سالہ کہانا سابق اسپیشل فورسز اہلکار اور گادی آئزن کوٹ کے اتحادی ہیں۔ آئزن کوٹ کو اگلے ماہ تک نیتن یاہو کی جگہ نئی حکومت تشکیل دینے کا وقت دیا گیا ہے۔
اسپیکر کا عہدہ اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ پارلیمانی کارروائی کا شیڈول اسی دفتر کے تحت طے ہوتا ہے۔
اسپیکر قانون سازی پر بحث اور ووٹنگ کو تیز یا مؤخر کر سکتا ہے، جس سے آئزن کوٹ کے دھڑے کو نئی حکومت بننے سے پہلے بھی نیتن یاہو کے قانون سازی کے ایجنڈے کو متاثر کرنے کا موقع مل گیا ہے۔
کہانا کو دونوں عرب اکثریتی پارلیمانی فہرستوں کی حمایت بھی حاصل رہی، جنہوں نے 27 اکتوبر کے انتخابات میں غیر معمولی تعداد میں نشستیں جیتی تھیں۔
حلف برداری کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ مذہب، نسل یا جنس سے قطع نظر تمام شہریوں کے لیے اسپیکر کا کردار ادا کریں گے۔
آئزن کوٹ کے ایجنڈے میں نیتن یاہو کی عدالتی اصلاحات واپس لینا سرفہرست ہے۔ ان اصلاحات کے ذریعے عدلیہ کی خودمختاری محدود اور عدالتوں پر سیاسی اثرورسوخ بڑھانے کی کوشش کی گئی تھی۔
میڈیا پر سیاسی کنٹرول بڑھانے سے متعلق قوانین بھی واپس لینے کی تجاویز میں شامل ہیں۔
بدھ کو پارلیمانی امور کی عبوری کمیٹی نے ان بلوں کو جلد کارروائی کے لیے پیش کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
تاہم ابتدائی ووٹنگ میں منظوری کا مطلب قوانین کا فوری خاتمہ نہیں ہوگا، کیونکہ انہیں پارلیمان کے مزید مراحل اور تین ووٹنگز سے گزرنا ہوگا۔
اکتوبر کے انتخابات میں نہ آئزن کوٹ کے دھڑے کو واضح اکثریت ملی اور نہ نیتن یاہو کا اتحاد اکثریت حاصل کر سکا۔
نیتن یاہو نے نتائج تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی فیصلہ ان کی خواہش کے مطابق نہیں تھا، لیکن عوام کی رائے کی عکاسی کرتا ہے۔
آئزن کوٹ نے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے کے دوران سکیورٹی ناکامیوں کی تحقیقات کے لیے ریاستی کمیشن بنانے کا وعدہ بھی کیا ہے۔
نیتن یاہو آزادانہ تحقیقات کے بجائے ایسا کمیشن چاہتے ہیں جس کے ارکان سیاست دان نامزد کریں۔
